اسلام آباد…سپریم کورٹ میں صدر کے دوعہدوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے پہلے پیرکوپشاور سے آئے ایک وکیل نے وفاق کے سینئر وکیل احمد رضا قصوری کے چہرے پر سیاہ رنگ کا اسپرے کردیا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب احمد رضا قصوری سپریم کورٹ پہنچے تو وہاں پشاور سے آئے وکیل محمد خورشید نے اچانک ان کے چہرے پر سیاہ رنگ کا اسپرے کردیا۔ واقعے کے بعد احمد رضا قصوری مقدمے کی سماعت کرنے والے نو رکنی لارجر بینچ کے روبرو پیش ہوئے اور اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔بینچ کے سربراہ جسٹس رانا بھگوان داس نے انہیں ہدایت کی کہ وہ تحریری شکایت پیش کریں۔بتایا گیا ہے کہ وکیل محمد خورشید ایک سیاسی پارٹی کے دیرینہ رکن رہے ہیں۔ انہوں نے 2002ء میں پارٹی کے ایک فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خود کو گولی مار کر زخمی کرلیا تھا۔ادھر احمد رضا قصوری نے کہاہے کہ میرے ساتھ ایساکر نے والے کالے کوٹ میں دہشت گرد ہیں ، یہ لوگ ہمارے پیشے پر بد نما دھبہ ہیں۔
تبصرہ کریں