پاکستان کے تین صوبوں بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت سات اعشاریہ دو تھی جبکہ پاکستانی محکمۂ موسمیات نے اس کی شدت سات اعشاریہ تین بتائی ہے۔
سروے کے مطابق زلزلہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر تیئیس منٹ پر چوراسی کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ اس سے قبل سروے نے زلزلے کی گہرائی محض دس کلومیٹر بتائی تھی۔
ابھی تک اس زلزلے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم زلزلے کے مرکز کے قریب واقع علاقوں میں کچے مکانات کے منہدم ہونے اور دیواریں گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ بلوچستان کے قصبے دالبندین سے پچپن کلومیٹر دور صحرائی علاقے میں تھا۔ یہ علاقہ غیر آباد ہے اور زلزلوں کی فالٹ لائن پر واقع ہے
زلزلے کے جھٹکے صوبہ بلوچستان، سندھ ، پنجاب کے مختلف شہروں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی محسوس کیے گئے اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
پاکستان کے چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ زلزلے کا دائرہ بہت وسیع تھا اور مرکز سے دوری کے ساتھ ساتھ اس کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زلزلے کی شدت کی وجہ سے آفٹر شاکس کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔
زلزلہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر تیئیس منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی محض دس کلومیٹر تھی۔

